ممبئی،18؍اپریل (ایس او نیوز؍یواین آئی) مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے آج ایک بارپھر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کی اور اس کے لیڈروں مودی ۔امیت شاہ کی وجہ سے ملک کی جمہوریت کو شدید خطرہ ہے ،اچل کرنجی میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راج نے مزید کہا کہ ملک کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا کہ سپریم کورٹ کے چار ججوں نے ایک پریس کانفرنس میں متنبہ کیا کہ ملک کی آزادی ،جمہوریت اور مقننہ کو شدید خطرہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک ایک بار ان کے جھانسے میں پھنس گیا ہے ،لیکن اب دوسری بار عوام کو ان کی جال میں پھنسنا نہیں ہے ،ان کا کہنا تھاکہ بی جے پی کے پاس ان کے سوالات کے جواب نہیں ہیں۔راج ٹھاکرے نے سپریم کورٹ کے ججوں کی پریس کانفرنس کے حوالے سے بی جے پی اور مودی ۔امیت شاہ کی جوڑی کو نشانہ بناتے ہوئے جج لویا کی پراسرارموت کا بھی ذکر کیا ۔انہوں نے اشارے میں اس کے لیے بی جے پی صدرامیت شاہ کوذمہ دار قراردیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے حال کے جلسوں میں بی جے پی کے سربراہوں مودی اور شاہ سے ملک کی موجودہ صورتحال پر متعدد سوالات کیے ہیں ،لیکن ان کے پاس میرے سوالات کے جواب نہیں ہیں۔ایم این ایس سرابرہ راج ٹھاکرے نے کہاکہ ریزروبینک کے دوگورنروں کو دباؤ میں لیا گیا اور انہیں عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا ، انہوں نے کہا کہ امیت شاہ وزیراعظم مودی کے پٹھو ہیں۔